بھٹکل 30 / جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل جالی پٹن پنچایت میں ٹاون اپلفٹمنٹ پروجیکٹ اسٹیج 4 کے تحت تعمیراتی کاموں کے لئے جو فنڈ آیا تھا اس کو استعمال کرنے کے سلسلے میں منتخب اراکین پنچایت کو اعتماد میں لیے بغیر اور اپنےمن مانے طریقے سے خرچ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اراکین نے اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے ڈپٹی کمشنر کے نام میمورنڈم پیش کیا۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ افسران نے فنڈ کے تعلق سے کسی ایک شخص کے کہنے پر اپنے من مانے طریقہ پراسے خرچ کیا ہے۔ ممبران نے یہ بھی لکھا ہے کہ پٹن پنچایت انتخابات کے نتائج ظاہر ہو کر7 مہینے گزر گئے مگر کمیٹیوں کی تشکیل نہ ہونے کی وجہ سے پنچایت کے وارڈوں میں کوئی تعمیراتی کام نہیں ہو رہا ہے اس لئے وارڈ سے منتخب ہوئے اراکین پر عوام کی طرف سے دباو بڑھتا جارہا ہے ۔ اسی دوران ٹاون اپلفٹمنٹ پروجیکٹ اسٹیج 4 کے لئے لاکھوں روپے کا جو فنڈ آیا ہے اسے تمام 20 وارڈوں میں تقسیم کرنے کے بجائے سیاسی مفاد کے تحت ایک شخص کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے من چاہے مقامات پر اس کا استعمال کیا گیا ہے ۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جالی پٹن پنچایت کے منتخب اراکین موجود رہنے کے باوجود اس طرح کی غیر قانونی تقسیم اور تعمیراتی کام کے لئے جو ایکشن پلان بنایا گیا ہے اسے منسوخ کیا جائے ۔ اور جہاں کہیں کام ہو رہا ہے اس پر روک لگائی جائے ۔ اور اس فنڈ کے استعمال کے لئے از سرنو ایکشن پلان بنایا جائے ۔
میمورنڈم میں یہ بات بھی کہی گئی ہے کہ اگر ضلع ڈپٹی کمشنر اس سلسلے میں مداخلت کرکے مناسب کارروائی نہیں کرتے تو پھر پٹن پنچایت کے تمام منتخب اراکین سخت احتجاجی مظاہرہ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔